ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: کیویز نے بھارتی ٹیم کو دھول چٹا دی

Published On 04 October,2024 10:43 pm

دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 58 رنز سے شکست دیدی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان سوفی ڈیوائن نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سوزی بیٹس نے 27، جارجیا پلمر نے 34 ، امیلیا کیر نے 13 اور بروک ہالیڈے نے 16 رنز بنائے۔

161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 102 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، کپتان ہرمن پریت کور نے 15 رنز بنائے، اسمرتی مندھانا 12، جمائمہ روڈریگز 13، ریچا گھوش 12 ،دیپتی شرما 13 رنز بناسکیں جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے روزمیری مائر نے 4، لی تہو نے 3 ، ایڈن کارسن نے 2 جبکہ امیلیا کیر نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔