ملتان: (دنیا نیوز) ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 556 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے آؤٹ ہو گئی، ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنالیے۔
556 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان اولی پاپ اور زیک کرولی نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی اور کپتان اولی پاپ بغیر کھاتے کھولے نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، زیک کرولی 64 اور جوروٹ 32 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
قبل ازیں میچ کے دوسرے روز مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے 4 وکٹوں کیساتھ 328 رنز سے اننگز آگے بڑھائی بعدازاں نسیم شاہ 388 کے مجموعی سکور پر 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 450 کے مجموعی سکور پر سعود شکیل کی صورت گر گئی، سعود شکیل 177 گیندوں پر 82 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، سعود کے بعد آنے والے عامر جمال 7 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز کی اننگ کھیلی۔
قومی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ابرار احمد تھے، انہوں نے 3 رنز بنائے جبکہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے تھے۔
پہلا دن
ملتان میں ہونیوالے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب 8 کے مجموعی سکور پر صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔
عبد اللہ شفیق نے بھی چھکے کے ساتھ اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 102 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، شان مسعود اور عبداللہ شفیق کے درمیان 253 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
اوپنر عبداللہ شفیق کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور وہ 177 گیندوں پر 151 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، ان کی باری میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، پاکستان کی چوتھی وکٹ بابر اعظم کی گری جو 30 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹیم میں 2 سپنرز اور 3 فاسٹ باؤلر ہیں، ہم چیزوں کو تبدیل کر کے ٹریک پر واپس آنا چاہتے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے سکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے لیکن سیریز میں کامیابی کیلئے جان لڑائیں گے۔
دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان اولی پاپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے، ملتان میں گرمی زیادہ ہے لیکن کوشش کر رہے ہیں کہ خود کو جلد ایڈجسٹ کر لیں۔
پاکستان کا سکواڈ
قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق شامل ہیں، محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
اس کے علاہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں ہیں۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون
انگلش ٹیم میں اولی پاپ کپتان، زیک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ اور ہیری بروک شامل ہیں جبکہ جیمی سمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیک لیچ، شعیب بشیر اور برائیڈن کارس بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔