لاہور:(ویب ڈیسک) لاہور میں سموگ کی وجہ سے قائداعظم ٹرافی کے میچز بھی متاثر ہوگئے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور کے میچز دوسرے شہروں میں منتقل کردیے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، پنجاب میں قائداعظم ٹرافی گروپ سی کے لاہور، ملتان اور شیخوپورہ میں ہونے والے شیڈول میچز ہری پور، صوابی اور آزاد کشمیر کے علاقے میرپور منتقل کردیے گئے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے میچز منتقلی کا فیصلہ کھلاڑیوں کی صحت کے پیش نظر کیا ہے، سموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر میچز دوباره پنجاب میں کرانے پر غور ہوگا۔
پنجاب حکومت نے سموگ کی وجہ سے آؤٹ ڈور کھیلوں کو روکنے کا فیصلہ کررکھا ہے جبکہ پی سی بی نے ٹیموں کو ری شیڈول پروگرام سے آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور، ملتان اور شیخوپورہ میں شیڈول میچز کو دوسرے شہروں میں منتقل کیا گیا ہے۔