چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

Published On 22 November,2024 09:08 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ 26 نومبر کو طلب کی گئی ہے جس میں بھارتی اور پاکستان کرکٹ بورڈ شریک ہوں گے، میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ہنگامی میٹنگ میں تمام بورڈز ممبرز بھی شریک ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ ورچوئل ہو گی اور اس میں بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے سے انکار پر بات چیت ہو گی اور آئی سی سی مختلف معاملات کو حتمی شکل دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی میں 90 روز باقی، شیڈول کا اعلان نہ ہو سکا

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں شیڈول ، فارمیٹ ، گروپ اسٹیج کے مقابلے سمیت پاک بھارت میچ پربات ہوگی، اس کے علاوہ ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں سیمی فائنلز اور فائنل کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل کے رضامند ہونے یا نہ ہونے پر بھی اجلاس میں بات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔