پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

Published On 01 December,2024 10:35 am

کوئنز کلب: (دنیا نیوز) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا۔

کوئنز کلب میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان کی ٹیم نئے ٹیلنٹ کیساتھ سلمان علی آغا کی قیادت میں آج سے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کا آغاز کرے گی۔

سلمان علی آغا دوسری بار پاکستان کی قیادت جبکہ عمیر بن یوسف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کریں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔

سابق کپتان بابراعظم، شاہین شاہ، نسیم شاہ، عبداللہ شفیق، کامران غلام اور فیصل اکرم ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ صائم ایوب، عامر جمال اور ابرار احمد کو ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے آج کے میچ کے لئے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے، کپتان سلمان آغا کے علاوہ صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔