افغانستان کیخلاف زمبابوے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور کرنے میں کامیاب

Published On 28 December,2024 07:05 pm

بلاوائیو: (دنیا نیوز) افغانستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا دیا۔

ان دنوں افغانستان کرکٹ ٹیم زمبابوے کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے جاری ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور رنز کے انبار لگا دیئے، زمبابوے کی ٹیم افغانستان کے خلاف ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 586 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

586 رنز زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے، میزبان ٹیم کی جانب سے شان ولیمز 154، کریگ ایرون 104 اور برائن بینٹ 110 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔

جمعہ کو دوسرے دن 586 رنز کے جواب میں افغانستان کی ٹیم کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز بناسکی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل زمبابوے نے 2001 میں ہرارے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 167 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنائے تھے۔