قذافی سٹیڈیم لاہور کی تزئین و آرائش کا کام حتمی مراحل میں داخل

Published On 23 January,2025 02:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قذافی سٹیڈیم لاہور کی تزئین و آرائش کا کام حتمی مراحل میں داخل ہو گیا۔

پی سی بی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلئے قذافی سٹیڈیم کو نئے انداز سے تیار کیا گیا ہے ،سٹیڈیم کا تعمیراتی کام اور تزئین و آرائش 5 ماہ کی مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچارہے ہیں، قذافی سٹیڈیم محسن نقوی کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ دنیا کے دیگر عالمی معیار کے سٹیڈیمز کی طرح نظر آئے۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سٹینڈز میں کرسیوں کی تنصیب کا کام آخری مرحلے میں ہے جبکہ ایک ڈیجیٹل سکرین کا کام مکمل ہوگیا ہے اور دوسری کا کام چند روز میں مکمل ہو جائے گا، کرکٹ شائقین اب قذافی اسٹیڈیم میں لائٹ شو سے بھی لطف اندوز ہوں گے، اس کے لیے ٹیسٹنگ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور کے 6 فلڈ لائٹس ٹاورز کی لائٹس کو تبدیل کیا گیا ہے، تمام ٹاورز میں جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جا چکی ہیں شائقین،میڈیا،کھلاڑی اور آفیشلز کھیل کے ایک ایک لمحے سے بھرپور انداز میں لطف اٹھا سکیں گے۔

خیال رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 22 فروری کو کرکٹ کے دو روایتی حریفوں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔