سہ فریقی سیریز کے شیڈول کا اعلان، فائنل کی میزبانی کراچی کے سپرد

Published On 25 January,2025 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے بعد قذافی سٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ ملکی سیریز کے میچز کی میزبانی کریں گے۔

یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے میچ سے سیریز کا آغاز ہفتہ 8 فروری کو قذافی سٹیڈیم میں ہو گا، پہلی گیند دوپہر 2 بجے کروائی جائے گی، پیر 10 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہو گا، اس ڈے میچ کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہو گا۔

ان دو میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک سٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقا سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا۔

سہ ملکی سیریز کا فائنل جمعہ 14 فروری کو کھیلا جائے گا جو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیمیں جمعرات 6 فروری کو قذافی سٹیڈیم میں لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جبکہ جنوبی افریقا کی تاریخی گراؤنڈ پر پہلی ٹریننگ 9 فروری اتوار کی صبح ہو گی۔

قذافی سٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہونے والے 4 میچ تینوں فریقوں کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا بہترین موقع فراہم کریں گے، وہیں یہ پی سی بی کے لیے اپنے نئے ڈیزائن اور دوبارہ تیار کردہ سٹیڈیمز کو عالمی معیار کی نشریات کے ذریعے دنیا کے سامنے دکھانے کا بہترین موقع بھی ہو گا۔

خیال رہے کہ سٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کے بعد تماشائیوں کی گنجائش بڑھادی گئی ہے، پورے سٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ نشریاتی معیار کو بڑھانے کیلئے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے میچز دیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔

تماشائیوں کے تجربے کو مزید بلند کرنے کیلئے 2 بڑی ڈیجیٹل ری پلے سکرینز بھی نصب کی گئی ہیں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر تکمیل کے قریب ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آئکونک سٹیڈیم تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے ایک بے مثال تجربہ فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر فعال ہے۔

اسی طرح نیشنل بینک سٹیڈیم میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا ہاسپٹلیٹی انکلوژر بھی شامل ہے۔

براڈ کاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو عالمی ناظرین کو بہترین منظر پیش کریں گی، 2 ڈیجیٹل ری پلے سکرینز کے علاوہ تماشائیوں کے آرام کو بڑھانے کے لیے 5000 نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔