لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل کے ڈرافٹ سے نظر انداز کیے جانے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر پاکستان کی نمائنگی کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا، قومی ٹیم کے سابق کپتان ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد دوسرے ایڈیشن کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، پہلے ایڈیشن میں انڈیا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان چیمپئنز نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو کی پوسٹ ڈال کر سرفراز احمد کی شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا، پوسٹ میں سرفراز احمد کو کیپٹن، لیڈر اور لیجنڈ کے القابات دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔