لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے قذافی سٹیڈیم کی تعمیر صرف میرا نہیں پوری ٹیم کا کارنامہ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پی سی بی کیلئے بہت اہم ہے،آج کا دن پاکستانی عوام کیلئےبہت خوشی کا دن ہے،قذافی سٹیڈیم کی تکمیل میں حصہ لینے والے ہر فرد کا شکر گزار ہوں،قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کیلئے دن رات کام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا کے باوجود ہم نےناممکن کو ممکن بنایا،ایف ڈبلیو او کے بھی شکر گزار ہیں ،پی سی بی حکام نے دن رات ایک کرکے قذافی سٹیڈیم کی تکمیل کی،سٹیڈیم کی تعمیر محسن نقوی کا نہیں پوری ٹیم کا کارنامہ ہے،سٹیڈیم کی تکمیل کیلئے سب نے جانفشانی سے کام کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج قذافی اسٹیڈیم کے افتتاح کیلئے آرہے ہیں، وزیراعظم سے کہوں گا سٹیڈیم میں کام کرنیوالے ورکرز کیلئے ایوارڈز کا اعلان کریں، میڈیا نے بھی سٹیڈیم کی تکمیل میں عالمی سطح پر کردار ادا کیا، قذافی سٹیڈیم کا شمار دنیا کے بہترین اور خوبصورت سٹیڈیمز میں ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ سہ ملکی سیریز کے بعد چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ ہے،کپتان رضوان بہت ٹیلنٹڈ ہیں، امید ہے ٹرافی اٹھائیں گے۔