چیمپئنز ٹرافی سے قبل بڑی تیاری، سہ فریقی سیریز کا آج سے آغاز

Published On 08 February,2025 10:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی سےقبل ٹرائی نیشن سیریز کا آج سے لاہور میں آغاز ہو گا، قذافی سٹیڈیم آج سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ کی میزبانی کرے گا۔

پہلا میچ پاکستان اور نیوزی کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ  دوپہر 2 بجے شروع ہو گا، ایونٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شریک ہیں،گزشتہ روز تینوں کپتانوں کےہمراہ ٹرافی کی رونمائی کی، کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

اس حوالے سے قومی کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پوری ٹیم متحد ہے، قوم کو اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے،بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ،لازمی نہیں تبدیلی ہو، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف اچھی فارم میں ہیں، ابرار احمد پہلی ترجیح ہے اس لیے دوسرے سپنرز کا نہیں سوچا، دیکھیں گے قذافی سٹیڈیم کی پچ کیسی ہے۔

کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سیریز بہت اہم ہے، قذافی سٹیڈیم بہت حسین ہے، سیریز کیلئے اچھی تیاری کیساتھ آئے ہیں، فخر زمان ہمارے لیے بڑا خطرہ ہیں، چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور اور کراچی میں میچز کھیلنے سے فائدہ ہو گا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے سب سے بڑے نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کردیا، اس موقع پر دلکش لائٹ شو اور شاندارآتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا ،میوزک کاتڑکا بھی لگا، تاریخی قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کے موقع پر آسمان رنگ و نور سے منور ہو گیا، ،لائٹ شو نے تقریب کو چار چاند لگا دیے، ہزاروں حاضرین نے موبائل فونز کی لائٹس آن آف کرکے دلکش منظر پیش کیا، قذافی سٹیڈیم میں ملی نغموں کی گونج اور فنکاروں کی جاندار پرفارمنس پر حاضرین جھومتے رہے۔

تقریب میں گلوکار عارف لوہار نے بیٹوں کے ہمراہ شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لیے جبکہ آئمہ بیگ اور علی ظفر نے بھی آواز کا جادو جگایا، شائقین نے دل کھول کر فنکاروں کو داد دی۔

اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی آفیشل کٹ کی رونمائی بھی کی گئی، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نئی کٹ پہن کر سٹیج پر آئے، تقریب میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر سے اختتام تک کی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کا چیلنج مکمل کرنے پر چیئرمین پی سی بی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے 117 دنوں میں ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا ،شہباز سپیڈ ماضی کی بات ہے، اب محسن سپیڈ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں، محسن نقوی 2500 مزدوروں کو بھی لندن کی سیر کرائیں، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، دعاگو ہیں ہماری ٹیم ہندوستان کو شکست فاش دے، اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ بھارت کو شکست دیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ محمد رضوان اور بابر اعظم سے بہت امیدیں ہیں، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی بھارتی بیٹرز کو ٹف ٹائم دیں۔