کراچی: (دنیا نیوز) سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کیلئے 353 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انکے لیے فائدہ مند ثابت ہوا، مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔
پروٹیز کی جانب سے ہینرک کلاسن 87 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میتھیو بریٹز کے 83، کپتان ٹیمبا بووما 82، ٹونی ڈی زورزی 22 اور وائن مُلڈر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کائل ویرائن 44 اور کوربن بوش 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
ٹاس
ٹاس جیتنے کے بعد جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پہلے میچ میں شکست سے سیکھا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا، آج بھرپور ٹیم کیساتھ میزبان پر اٹیک کریں گے، پچ بیٹنگ کیلئے ساز گار ہے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائیں، ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
قومی سکواڈ
پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کامران غلام کی جگہ سکواڈ میں سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔
پاکستان الیون میں فخر زمان ، بابر اعظم، سعود شکیل ، محمد رضوان اور سلمان آغا شامل ہیں، ان کے علاوہ طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔