چیمپئنز ٹرافی: دبئی سٹیڈیم میں شائقین کیلئے سخت قواعد و ضوابط تیار

Published On 21 February,2025 01:16 pm

دبئی: (دنیا نیوز) دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کرکٹ ایکشن دیکھنے والوں کے لیے انتہائی سخت قواعدو ضوابط جاری کردیئے گئے۔

ان قواعد و ضوابط کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم کے نزدیک ٹکٹس کاوئنٹر اور عوامی پارکنگ ایریاز میں بلند و بالا پوسٹرز کی صورت میں آویزاں بھی کر دیا گیا ہے۔

شائقین کرکٹ کو خبردار کیا گیا ہے کہ کرکٹ کے میدان کو سیاسی جلسہ گاہ نہ بنائیں، دبئی سٹیڈیم کے باہر بڑے بڑے بینرز لگا دیئے گئے ہیں جن پر واضح الفاظ میں درج ہے۔

بینرز پر شائقین کو واضح پیغام ہے دیا گیا ہے کہ ’سیاسی خیالات، نعرے، پوسٹرز اور بینرز گھر پر چھوڑ آئیں‘۔

دھماکہ خیز مواد؟ خبردار، ہوشیار

حکام نے کرکٹ فینز کی ’تخلیقی صلاحیتوں‘ کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ غیر معمولی اشیاء کو بھی اپنی لسٹ میں شامل کیا ہے جن کی موجودگی کا امکان دبئی میں ناممکن ہے۔

شائقین کو کہا گیا ہے کہ نہ کوئی ہتھیار، نہ چاقو، نہ بم اور نہ ہی پستول سٹیڈیم میں لائیں، بینرز پر بم اور پستول کی تصویری وضاحت دیکھ کر کچھ شائقین نے مذاق میں کہا، "بم تو چھوڑیں کیا ہمیں اپنے چیمپئن  سرفراز  سٹائل میں پانی کی بوتل بھی سٹیڈیم لانے نہیں دیں گے۔"

کھانے پینے کی ممانعت، مگر بچوں کے لیے سہولت

یقیناً، ممنوع ہدایت نامے میں پانی کی بوتل کو بھی رکھا گیا ہے اور شائقین کو کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء سٹیڈیم میں لگائے گئے فوڈ سٹالز سے خریدیں، گھر سے کچھ لانے کی ضرورت نہیں کیونکہ سٹیڈیم میں بہترین کھانے کا انتظام کیا گیا ہے البتہ چھوٹے بچوں کے لیے دودھ اور دیگر ضروری اشیاء لانے کی اجازت ہو گی۔

گھر کے پالتو جانوروں کو سٹیڈیم نہ لائیں

پالتو جانور رکھنے والے شائقین کو بھی صاف الفاظ میں کہا گیا ہے کہ اپنے کتے، بلی، یا خرگوش کو کرکٹ کا فین بنانے کی کوشش نہ کریں، یہ ہدایات پڑھ کر ایک شائق نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’میرا طوطا کرکٹ کا فین ہے، کیا میں اسے ساتھ نہیں لاسکتا‘؟

سکیٹ بورڈ اور سائیکل ممنوع

ٹریفک جام سے بچنے کے لیے کچھ شائقین سٹیڈیم پہنچنے کے لیے کبھی کبھار سکیٹ بورڈز اور سائیکل کا سہارا لیتے ہیں مگر دبئی سٹیڈیم کی انتظامیہ نے اب اعلان کردیا ہے کہ یہ چیزیں سٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

فلیش فوٹو اور ریکارڈنگ؟ میچ کا سکون خراب نہ کریں

حکام نے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ میچ کے دوران نہ تو فلیش فوٹو گرافی کریں اور نہ ریکارڈنگ کیونکہ اس سے نہ صرف کھلاڑی متاثر ہوں گے بلکہ کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی بھی ہوگی۔

زہریلا مواد بھی سٹیڈیم نہ لائیں

حکام نے شائقین کو کہا کہ گھر سے نہ تو کوئی شیشے کا گلاس لائیں اور نہ الکوحل اور کسی قسم کا زہریلا مواد بھی لانے کی کوشش نہ کریں۔

کرکٹ کے کھیل کو شفاف رکھنے کیلئے ریڈیو کمیونیکشن ڈیوائسز پر بھی پابندی لگائی گئی ہے تاکہ سٹیڈیم میں نصب انٹرنیٹ اور کمیونیکشن سسٹم پر ان کی فریکونسی اثر انداز نہ ہو، دبئی میں کرکٹ منتظمین کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم میں کرکٹ سے لطف ہوں اور قواعد کی پابندی کریں۔