لندن: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کیخلاف جیت کی صورت میں پاکستانی ٹیم کو بطور انعام ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ لندن میں ہوں لیکن دل اور دماغ دبئی میں ہونے والے پاک بھارٹ ٹاکرے پر لگا ہوا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن اگر پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ جیت جاتی ہے تو میں قومی ٹیم کو اپنی طرف سے ایک کروڑ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھاکہ مجھ سمیت پوری قوم جیت کیلئے دعا گو ہے، کھلاڑی پوری لگن اور محنت سے کھیلیں، انشاء اللہ فتح ہماری ہوگی۔