کیوی بیٹر راچن رویندرا نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی

Published On 25 February,2025 10:21 am

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر راچن رویندرا نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

نیوزی لینڈ کے سٹار راچن رویندرا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف یادگار سنچری سکور کی۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز راچن رویندرا ون ڈے ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی میں اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے۔

اس سے قبل انہوں نے 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میچ میں انگلینڈ کے خلاف شاندار سنچری سکور کی تھی، یہ ان کا ورلڈکپ میں ڈیبیو میچ تھا۔

کرکٹ کی تاریخ میں 19 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو پر سنچری بنائی اور 15 کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنے پہلے میچ میں سنچری سکور کی لیکن راچن رویندرا وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دونوں ٹورنامنٹس میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

بنگلادیش کے خلاف سنچری راچن رویندرا کی ون ڈے کرکٹ میں محض 30 اننگز میں چوتھی سنچری تھی اور ان کی تمام سنچریاں آئی سی سی ایونٹس میں آئی ہیں۔

2023 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے 3 سنچریاں بنائی تھیں، اب راچن رویندرا آئی سی سی ایونٹس میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کیوی بیٹر بن گئے ہیں، ان سے قبل کین ولیمسن اور نیتھن ایسٹل کے نام 3،3 سنچریاں تھیں۔