کراچی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کی رونمائی بحیرہ عرب میں کردی گئی، ٹرافی کا نام دی لومینارا ٹرافی "The Luminara Trophy" رکھا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی طرح اس بار پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کی رونمائی بھی کھلے سمندر میں منفرد انداز میں کی گئی، ٹرافی کو گمشدہ خزانے سے تشبیح دی گئی ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں بتایا گیا کہ 10 سال کی تلاش کے بعد گمشدہ خزانہ کراچی کے ساحل کے قریب سمندر کی گہرائی سے دریافت کیا گیا ہے، ویڈیو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی منفرد انداز میں نظر آئے، انہوں نے سمندر کے نقشے میں کراس کا نشان لگایا، جہاں وہ گمشدہ خزانہ موجود تھا۔
جس کے بعد گمشدہ ٹرافی کو سمندر سے نکالنے کے لیے ایک پیشہ ور غوطہ خور کو بھی ویڈیو میں شامل کیا گیا، جو پاک نیوی کے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوا، اور سمندر کی گہرائی والے حصے میں جاکر اس غوطہ خور نے سمندر میں چھلانگ لگائی۔
غوطہ خور کو سمندر کی گہرائی میں جاکر ایک صندوقچہ ملا، صندوقچے کے اوپر (X) کا نشان لگا ہوا تھا، جو کہ اصل میں پی ایس ایل 10 کی رونمائی کے لیے لگایا تھا، غوطہ خور وہ اپنے ساتھ تیراکی کرتا ہوا اوپر لے آیا۔
صندوقچے کو ایک بوٹ میں ڈال کر ایک جہاز تک لایا گیا، جس کے بعد یہ صندوقچہ کھولا گیا، اور اس میں موجود گمشدہ خزانہ یعنی ٹرافی پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے حوالے کردی گئی ۔
ٹرافی چاندی سے تیار کی گئی ہے جس میں22 ہزار سے زائد زرکون کے پتھر استمعال کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے چیرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ ٹرافی لیگ کی چمکتی ہوئی میراث اور اس کے روشن مستقبل کی نمائندگی کرتی ہے ۔