پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست کا مزا چکھا دیا

Published On 30 April,2025 11:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 19 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دیدی۔

لاہور قلندرز کی جانب دیئے گئے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم صرف 121رنز ہی بنا سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے گوس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، سلمان آغا36 ، کپتان شاداب خان 13 جبکہ نسیم شاہ 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، یونائیٹڈ کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

صاحبزادہ فرحان 9، اعظم خان ایک، حیدر علی 5، عماد وسیم 2، بین ڈوورشیئس ایک رن بنا کر چلتے بنے جبکہ جیسن ہولڈر بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 4، سکندر رضا نے 3، کپتان شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور ٹام کرن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے، فخر زمان 44 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد نعیم نے کیا تاہم 25 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، فخر زمان 44، عبداللہ شفیق 22، ڈیرل مچل 28 ، سکندر رضا 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سیم بلنگز 38 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بین ڈوورشیئس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔