لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے پلے آف میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پورٹی آخری اوور میں 179 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، صاحبزادہ فرحان 52 اور سلمان آغا 44 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور ایلکس ہیلز نے کیا تاہم اوپنر بلے باز ایلکس ہیلز دوسرے اوور کی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، صاحبزادہ فرحان 52، وینڈر ڈیوسن 35، کپتان شاداب خان 16، جمی نیشم ایک، عماد وسیم 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ غازی غوری 4، سلمان ارشاد 2 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔
کوئٹہ گیلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق نے 3، محمد عامر، محمد وسیم اور فہیم اشرف نے 2،2 جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دنیش چندی مل نے 49 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، فہیم اشرف نے 45، فن ایلن نے 41، اویشکا فرنینڈو نے 32، ریلے روسو نے 16، کپتان سعود شکیل نے 12 جبکہ حسن نواز نے 6 رنز سکور کیے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بین ڈوورشیس اور سلمان ارشاد نے 2،2 جبکہ عماد وسیم اور کپتان شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اب 23 مئی کو دوسرے ایلیمینٹر میں قسمت آزمائے گی، 22 مئی کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز پہلے ایلیمینٹر میں آمنے سامنے ہوں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔