راولپنڈی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل سیزن 10 کے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دیدی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ملنے والے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 172 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، کپتان ڈیوڈ وارنر 43 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 4، سلمان ارشاد نے 3، عماد وسیم نے 2 جبکہ سلمان آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز 88اور صاحبزادہ فرحان 73رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان شاداب خان 42، سلمان آغا 7 جبکہ راسی وین ڈیر ڈوسن ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے، حیدر علی 19 اور بین ڈوریشز 10 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، خوشدل شاہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل میں آج کے میچ کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے متعلق منسوب کیا گیا تھا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پنک رنگ کی کٹ پہن کر میدان میں اتری تھی۔