دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں بھارت کی کیرالہ کمیونٹی کے ایونٹ میں پاکستانی سٹار کرکٹرز شاہد آفریدی اور عمر گل کو مدعو کئے جانے پر بھارتی انتہا پسند سیخ پا ہوگئے۔
ایک بھارتی صحافی نے سوشل میڈیا پر اعتراض اٹھایا کہ کیا بھارتیوں کو میزبانی کیلئے پاکستانی کرکٹر ہی ملے تھے؟
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر وائرل اس ایونٹ کی ویڈیو میں کیرالہ کمیونٹی کے بھارتی شہری نا صرف شاہد آفریدی سے ہاتھ ملانے کو بے تاب نظر آئے بلکہ ان کیلئے تالیاں بجائيں اور نعرے بھی لگائے۔
بھارتی شہریوں نے پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز کو دیکھ کر سیٹیاں بجائيں اور انہیں دیکھ کر اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہوگیا، بھارتیوں نے ایونٹ کا انتظام کرنے والے افراد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ پہلگام واقعہ پر بھارتی فوج کی ناکامی پر سوال اٹھاتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ "وہاں پر پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو پاکستان پر نام لگادیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج ہونے کے باوجود یہ واقعہ ہوگیا اس کا مطلب تم نالائق اور نکمے ہو جو لوگوں کو سکیورٹی نہیں دے سکے"۔
بعدازاں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی کارروائی کے بعد شاہد آفریدی نے کراچی میں ریلی میں بھی شرکت کی تھی جس نے سوشل میڈیا پر بھارتیوں کو چراغ پَا کردیا تھا۔