لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کا بہت بڑا ڈرامہ ہے، انکی پہلے ہی پاکستان سے کھیلنے کی نیت نہیں ہے۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر و کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پہلگام واقعے پر نظر ڈالیں تو صرف ڈرامہ نظر آتا ہے، کیسے ممکن ہے نامعلوم افراد ایک گھنٹے تک کارروائی کرتے رہے اور 8 لاکھ فوج آئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اپنے لوگوں کو خود مروا کر خود زندہ کروادیتے ہیں، ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں لیکن وہاں سے ہمیشہ منفی جواب ملا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ 2016 ٹی20 ورلڈکپ کے دوران حالات کشیدہ ہونے کے باوجود پاکستانی ٹیم بھارت گئی، ہمیں خود نہیں معلوم تھا جانا ہے یا نہیں، کبڈی کی بھارت کی ٹیم آجاتی ہے کرکٹ کی ٹیم نہیں آتی، اگر بند کرنا ہے تو تمام چیزیں بند کرو۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز جنہوں نے کیا تھا انہیں کو جاری رکھنا چاہیے تھا، سن رہا ہوں فرنچائز مالکان مالی نقصان کا کہہ رہے ہیں، کافی فرنچائز مالکان نے فائدہ بھی اٹھایا ہے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ محمد رضوان نے جب جنوبی افریقا کو شکست دی تو تب کیوں نہیں کہا میرے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، جب کپتان بنایا جائے تو اسے بہانے نہیں کرنے چاہیے، مجھے پاکستان کرکٹ ٹیم سے کوئی لگاؤ نہیں ہے، مجھ سے کام لینا ہے تو گراس روٹ لیول پر کام لیا جائے۔
شاہد آفریدی نے قومی کھیل ہاکی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج گراؤنڈز اور کھیل تباہی کا شکار ہے، ہماری اسپورٹس منسٹری کا قومی کھیل کی طرف سے دھیان نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کھیل سے لگاؤ رکھتے ہیں، امید ہے وہ ہاکی پر توجہ دیں گے۔