پی سی بی کی تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان کو نامزد کرنے کی تیاری

Published On 09 June,2025 01:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ میں ایک ہی کپتان کو نامزد کرنے کی تیاری مکمل کر لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی مشاورت کے بعد تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت ایک ہی کھلاڑی کو سونپے جانے کا امکان ہے۔

آل راؤنڈر آغا سلمان کو دورہ زمبابوے کے دوران کپتان مقرر کیا گیا اور وائٹ بال کپتان محمد رضوان کو آرام کروایا گیا تھا تاہم اب خبریں سامنے آرہی ہیں کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور رضوان کا مستقبل بطور کپتان خطرے میں ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان علی آغا سلیکشن کمیٹی، نئے ہیڈ کوچ ہیسن اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور انہیں بطور کپتان بنانے پر تینوں ایک پیج پر موجود ہیں۔

عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد سلمان آغا کو تینوں فارمیٹ میں کپتان بنانے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

شان مسعود کو نومبر 2023 میں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تاہم انکی قیادت میں خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے البتہ ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار بنگلادیش کے ہاتھوں بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

اِن کی کپتانی میں پاکستان نے 12 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں سے صرف 3 جیتے اور 9 میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 25-2023 میں پاکستان کا سفر مایوس کن رہا اور 9 ویں پوزیشن حاصل کی۔

دوسری جانب وائٹ بال کپتان محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان بطور میزبان چیمپئنز ٹرافی اور دورہ نیوزی لینڈ میں بدترین شکستوں کا منہ دیکھ چکا ہے۔