ثناء میر نے سبز ہلالی پرچم کو بلند اور ملک کا نام روشن کیا: محسن نقوی

Published On 10 June,2025 11:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر ثناء میر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثنا میر نے سبز ہلالی پرچم کو بلند اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ویلڈن ثناء میر! پاکستان کی بیٹی نے پاک دھرتی کا مان بڑھایا جس سے سبز ہلالی پرچم بلند اور پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ثناء میر پاکستان کرکٹ کا اثاثہ اور خواتین کرکٹرز کے لیے رول ماڈل ہیں، ثناء میر کو ہال آف فیم ملنا پاکستان ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے، ثناء میر نے خواب دیکھا، محنت کی اور تاریخ رقم کردی۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا ہے کہ آج ایک ثناء میر کو اعزاز ملا ہے، انشااللّٰہ وہ دن دور نہیں جب متعدد پاکستانی ویمنز کرکٹرز یہ اعزاز حاصل کریں گی۔