وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف سی ہیڈکوارٹر وانا کا دورہ، جوانوں کیساتھ عید منائی

Published On 07 June,2025 02:17 pm

وانا: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈکوارٹر وانا میں جوانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کے ہیڈکوارٹر وانا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مغربی سرحد پر تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

دورے کے موقع پر آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا (ساؤتھ) نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قبائلی عوام، سکیورٹی فورسز اور پولیس سمیت تمام شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے جوانوں کے ساتھ عید کی نماز بھی ادا کی اور ملک میں امن، استحکام و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔

بعدازاں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کی جرات، قربانی اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کی قربانیاں اور ثابت قدمی وطن کے تحفظ کی ضمانت ہیں اور یہی جذبہ پاکستان کی اصل طاقت ہے‘‘۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کے تعاون اور قربانیوں کو بھی سراہا اور ان کے جذبے کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔