ترکیہ: عیدالاضحیٰ کے پہلے روز قربانی کے دوران 14 ہزار سے زائد افراد زخمی

Published On 07 June,2025 09:08 pm

استنبول: (دنیا نیوز) ترکیہ میں عیدالاضحیٰ کے پہلے دن جانوروں کی قربانی کے دوران مختلف حادثات میں 14 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ترک وزیر صحت کے مطابق جمعہ کو ملک بھر کے ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 14,372 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

دارالحکومت انقرہ میں 1,049، استنبول میں 753 جبکہ کونیا میں 655 افراد زخمی ہوئے، ان افراد کو جانوروں کو ذبح کرنے یا قابو پانے کی کوشش کے دوران چوٹیں آئیں۔

وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے دوران غیر ضروری زخمی ہونے سے بچنے کے لیے تجربہ کار اور ماہر قصائیوں کی مدد لی جائے تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ترکیہ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسی نوعیت کے واقعات میں تقریباً 16 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے۔