برمنگھم: (ویب ڈیسک) بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن 161 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر کئی ریکارڈز توڑ دیئے۔
برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شبمن گل نے دونوں اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برائن لارا، ٹنڈولکر، سنگاکارا، کوہلی اور گواسکر جیسے بلے بازوں کے متعدد ریکارڈ پاش پاش کر ڈالے۔
شبمن گل نے پہلی اننگز میں 269 رنز بنائے اور ٹیسٹ میچ میں کسی بھی بھارتی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، اس سے قبل کوہلی نے 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف 254 رنز بنائے تھے۔
پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر شبمن گل ایشیا سے باہر کسی ٹیسٹ اننگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بھارتی بلے باز بن گئے، ان سے قبل سچن ٹنڈولکر نے 2004 میں سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف 241 رنز بنائے تھے تاہم وہ 6 رنز کی کمی سے ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کا ریکارڈ نہ توڑ سکے جنہوں نے 1971 میں انگلینڈ میں 274 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو کہ تاحال کسی بھی ایشین بیٹر کا ایشیا سے باہر سب سے بڑا سکور ہے۔
بھارتی کپتان نے دوسری اننگ میں بھی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 161 رنز بنا کر ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں اپنا انفرادی سکور 430 رنز تک پہنچادیا اور یوں بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، ان سے قبل سنیل گواسکر نے 344 رنز بنائے تھے۔
شبمن گل 430 رنز کے ساتھ ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر بن گئے ہیں، پہلے نمبر پر انگلینڈ کے سابق کپتان گراہم گوچ ہیں جنہوں نے 1990 میں بھارت کے خلاف ہی لارڈز کے گراؤنڈ میں مجموعی طور پر 456 رنز بنائے تھے، اس فہرست میں آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک ٹیکر 426 رنز کے ساتھ تیسرے، سری لنکا کے سنگاکارا 424 کے ساتھ چوتھے اور ویسٹ انڈیز کے برائن لارا 400 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں تاہم لارا نے 400 رنز ایک ہی اننگ میں بنائے تھے۔
شبمن گل ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں واحد بیٹر بن گئے ہیں جس نے ایک اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں 150 سے زیادہ رنز بنائے، ان سے قبل دونوں اننگز میں 150 سے زیادہ رنز آسٹریلین کپتان ایلن بورڈر نے بنائے تھے۔
اس کے علاوہ شبمن گل بھارت کے تیسرے کپتان بنے ہیں جس نے ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں، اس سے پہلے سنیل گواسکر اور ویرات کوہلی بحیثیت کپتان یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔