سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ ایک بار پھر نہتے فلسطینیوں اور بچوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف بول پڑے۔
عثمان خواجہ تواتر کے ساتھ بچوں پر ہونے والے ظلم پر آواز بلند کرتے رہتے ہیں، اس بار انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فلسطینی بچوں پر ظلم سے زخمی ہونے والے بچوں کی ویڈیو اپ لوڈ کی ہے۔
عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ یہ دیکھنا مشکل ہے، ایسے جینے کا تصور کریں، اس بربریت اور ظلم کو ہم اب بھی دیکھ رہے ہیں جبکہ یونیسیف نے اسے بچوں کے لیے قبرستان قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ دو سال ہو گئے اور اب بھی بچے مارے جا رہے ہیں، انسانوں کو بھوکا مارا جارہا ہے، ابتدائی طبی امداد کے مراکز پر حملے کیے جا رہے ہیں، میں اس حوالے سے بولتا رہوں گا اگر ہمارے لیے یہ سب معمول بن گیا ہے تو حقیقت میں ہم ختم ہو چکے ہیں، آواز اٹھانا مت بند کریں، ہمیشہ انسانیت، برابری اور ایک بہتر کل کے لیے کھڑے ہوں۔