ایشیا کپ 2025: ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کے جیت کیلئے حوصلے بلند

Published On 09 September,2025 01:09 pm

دبئی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کی، اس موقع پر میڈیا سینٹر پر بھی خوب گہما گہمی نظر آئی جبکہ پاکستان اور بھارتی کپتانوں کی نظروں کا ملاپ اور مصافحہ مرکز نگاہ رہا۔

اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے، ایشیا کپ پریس کانفرنس میں کپتانوں کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

پورے اعتماد کیساتھ چیلنج کو قبول کریں گے: آغا
قومی کپتان سلمان علی آغا نے اس موقع پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بطور ٹیم ہم ایشیا کپ کیلئے تیار ہیں اور کافی پرجوش ہیں، یہ ہمارے لیے ایک امتحان ہے اور ہم پورے اعتماد کے ساتھ اس چیلنج کو قبول کریں گے۔

پاکستانی کپتان نے مزید کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہاں کہاں مسائل ہیں اور کتنا وقت لگے گا لیکن ہم ہر پوائنٹ پر توجہ دے رہے ہیں، چیلنجز ضرور آئیں گے مگر ہم سب مل کر کھیل کا لطف اٹھائیں گے، ہم نے ایک ٹیم کی طرح اچھا پرفارم کیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کریں گے۔

سلمان علی آغا نے پاک بھارت میچ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی خاص ہدایت تو نہیں ملی بس اپنی گیم پر توجہ رکھیں گے، پاکستانی کھلاڑیوں کو دبئی میں کھیلنے کا تجربہ ہے، ٹی 20 فارمیٹ میں کسی کو بھی فیورٹ نہیں کہا جا سکتا۔

قومی کپتان نے مزید کہا ہے کہ ہم نے پی ایس ایل سمیت یہاں کافی کرکٹ کھیلی، ہمیں یو اے ای کی کنڈیشن کا اندازہ ہے، بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانا اور مثال قائم کرنا ہمارا مقصد ہے

فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم غیر معمولی پرفارم کر سکتی ہے: سوریا
اس موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ ہم بھی ایشیا کپ کیلئے کافی پرجوش ہیں، فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم غیر معمولی پرفارم کر سکتی ہے، ہم کافی وقت بعد ٹی 20 ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں، بطور ٹیم ایشیا کپ کیلئے ہماری بھرپور تیاری ہے۔

بھارتی کپتان نے مزید کہا ہے کہ افغانستان اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے، اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جذبات کھیل کا حصہ ہیں، کھلاڑی کے پاس جوش و جذبہ ہی ہوتا ہے۔

بڑے ٹورنامنٹ میں جیت کے خواہشمند ہیں: راشد خان
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سخت محنت کریں گے، ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ اہم ہے، اپنا سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، ہم کئی ٹورنامنٹس میں بدقسمت رہے مگر نتائج کیلئے کوشش کرسکتے ہیں۔

راشد خان نے مزید کہا ہے کہ بڑے ٹورنامنٹ میں جیت کے خواہشمند ہیں، ہم اچھی کرکٹ کیلئے توجہ دے رہے ہیں، سیمی فائنل کے بارے میں ابھی نہیں سوچ رہے، ہمارا کام محنت کرنا ہے۔

پاکستان ہو یا بھارت اچھا پرفارم کریں گے: یو اے ای کپتان

یواے ای کے کپتان محمد وسیم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایل ٹی 20 میں بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا، بڑے پلیئرز کے ساتھ کھیلنے سے فائدہ ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے بہت زیادہ محنت کی ہے، پاکستان ہو یا بھارت اس دن اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

کپتان عمان کرکٹ ٹیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہے ہیں، یہ ہمارے لیے تاریخی لمحہ ہے، ہم 3 ورلڈکپ کھیل چکے ہیں، ایشیا کپ کے لیے تیاری اچھی ہے اور جب تیاری اچھی ہو تو پھر اعتماد بھی آ جاتا ہے۔

ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کیلئے اچھا پرفارم کرنا پڑے گا: بنگلادیشی کپتان
کپتان بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آخری 3 سیریز میں بنگلا دیش ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، گزشتہ سیریز کی فتح سے ہمیں اعتماد ملا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے اچھا پرفارم کرنا پڑے گا۔