پاک بھارت ایشیا کپ میچ: اماراتی بورڈ نے بائیکاٹ کے خدشات رد کر دیئے

Published On 28 August,2025 11:25 am

دبئی: (ویب ڈیسک) امارات کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کے خدشات رد کردیئے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی میزبانی میں ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، اس سے قبل پاکستانی ٹیم افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ سہ ملکی سیریز میں حصہ لے گی۔

ایشیا کپ کے لیے امارات کرکٹ بورڈ نے بھرپور تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں، پاکستان اور بھارت کا پہلا مقابلہ 14 ستمبر اور ممکنہ طور پر دوسرا 21 ستمبر کو ہو گا جبکہ فائنل میں رسائی کی صورت میں روایتی حریفوں کا تیسرا معرکہ بھی ہو سکتا ہے۔

ایشیا کپ کے حوالے سے امارات کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور ہم شائقین کو بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کرکٹ بورڈز نے اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر ہی ایشیا کپ میں شرکت کی تصدیق کی تھی، 100 فیصد گارنٹی تو نہیں دی جا سکتی البتہ ہمیں پوری امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف میچ میں بھی حصہ لے گی۔

سبحان احمد نے کہا ہے کہ شائقین کی جانب سے بھی بائیکاٹ کا کوئی خدشہ نہیں ہے اور ہاؤس فل کی امید ہے، ماضی میں بھی شائقین نے ہمیشہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھا اور اب بھی ایسا ہی ہو گا۔

سی او او امارات کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں مداح بے چینی سے میچ ٹکٹس کے منتظر ہیں، جس کا منفی عناصر نے بھی فائدہ اٹھایا اور جعلی ٹکٹس آن لائن فروخت کرنے لگے۔