لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کو ایک فتح نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر پہنچا دیا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کے اپنے پہلے میچ میں گرین کیپس نے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا کو شکست دے کر 12 پوائنٹس حاصل کیے اور اس کی جیت کا تناسب 100 فیصد ہے۔
گرین کیپس سے اوپر موجود آسٹریلیا نے اب تک رواں دورانیے میں کھیلے گئے اپنے تینوں ٹیسٹ میچز میں فتح پاکر 36 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، اس کا تناسب بھی 100 فیصد ہی ہے۔
سری لنکا دو ٹیسٹ میچز میں ایک فتح اور ایک ڈرا میچ کی بدولت 16 پوائنٹس اور 66.67 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، نئے دورانیے میں سب سے زیادہ سات ٹیسٹ میچز بھارت نے کھیلے ہیں جس میں سے اسے چار میں فتح اور دو میں شکست ہوئی جبکہ ایک ڈرا ہوا۔
زیادہ میچز کے باعث بھارت کے پوائنٹس تو سب سے زیادہ 52 ہیں مگر 61.90 جیت کے تناسب کے ساتھ وہ چوتھے نمبر پر ہے، انگلینڈ نے پانچ میں سے دو میچز جیتے اور اتنے ہی ہارنے کے ساتھ ایک ڈرا کیا، سلو اوور ریٹ پر انگلینڈ کے دو پوائنٹس منہا بھی ہوئے۔
انگلینڈ کے پوائنٹس کی تعداد 26 اور جیت کا تناسب 43.33 ہے، بنگلا دیش 16.67 فیصد کے ساتھ چھٹے اور جنوبی افریقا ساتویں نمبر پر ہے، آٹھویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈین ٹیم اب تک کھیلے گئے اپنے پانچوں ٹیسٹ میچز ہار چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے فی الحال مہم کا آغاز نہیں کیا ہے۔