فیصل آباد: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ ناکامی کا ذمہ دار کسی ایک کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔
جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کپتان کا تھا، دوسری اننگز میں نمی کی وجہ سے باؤلنگ مشکل ہوگئی تھی۔
کرکٹر کا مزید کہنا تھا اچھی فیلڈنگ کرنا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے، خامیوں کے حوالے سے ٹیم مل بیٹھ کر بات کرے گی، ٹیم ہوم گراؤنڈ پر جیتے تو زیادہ خوشی ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ دوسرے ون ڈے پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، پروٹیز نے گرین شرٹس کی جانب سے ملنے والا 270 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 40.1 اوورز میں مکمل کرلیا، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔



