لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق سٹار بلے باز رابن سمتھ 62 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق رابن اسمتھ کے اہلِ خانہ نے کہا ہے کہ وہ پیر کے روز آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں اپنے فلیٹ میں اچانک انتقال کر گئے، موت کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہے اور اس کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد کیا جائے گا۔
ان کے خاندان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسمتھ ایک دلیر اور شان دار بیٹر تھے، جنہوں نے ہیمپشائر اور انگلینڈ دونوں کے لیے یادگار کارکردگیاں دکھائیں اور بے شمار مداح بنائے۔
اہل خانہ نے زور دیا ہے کہ اگرچہ ریٹائرمنٹ کے بعد رابن اسمتھ کی ذہنی صحت اور الکحل کے مسائل پر کافی بات ہوتی رہی، لیکن ان باتوں کو ان کی موت کی وجہ سے نہ جوڑا جائے۔
— England Cricket (@englandcricket) December 2, 2025
خیال رہے کہ رابن اسمتھ 1990 کی دہائی میں انگلینڈ کے مقبول ترین بیٹرز میں شمار ہوتے تھے، انہوں نے 1988 سے 1996 کے دوران 62 ٹیسٹ میچز میں انگلیںڈ کی نمائندگی کی اور 43.67 کی اوسط سے 4236 رنز بنائے۔
رابن اسمتھ 1992 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں فائنل میں پاکستان سے شکست کھانے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے، انہوں نے 71 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 39.01 کی اوسط سے 2419 رنز بنائے، ان کی 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف 167 رنز کی ناقابل شکست اننگز 23 سال تک انگلینڈ کی ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز رہی۔



