ایڈیلیڈ: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی بگ بیش لیگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے۔
برسبین ہیٹ نے شاہین آفریدی کے گھٹنے کی تکلیف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہین نے گھٹنے کا ری ہیب شروع کر دیا ہے اور ٹیم کی ایڈیلیڈ سے واپسی پر باؤلر کے گھٹنے کا معائنہ کیا جائے گا۔
برسبین ہیٹ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کل ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔
پاکستان کے سٹار فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ان فٹ ہونے کے سبب بگ بیش ٹی 20 لیگ چھوڑ کر وطن واپس آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کل وطن واپس پہنچیں گے جہاں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنی ری ہیب کا آغاز کریں گے تاکہ مکمل فٹنس کے ساتھ قومی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان میں شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ پی سی بی نے مجھے واپس بلالیا ہے، میں اپنا ری ہیب پاکستان میں مکمل کروں گا، اُمید ہے کہ جلد میدان میں واپس آجاؤں گا، سپورٹ کرنے پر برسبین ہیٹ اور فینز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اب تک برسبین ہیٹ کی جانب سے بگ بیش لیگ میں چار میچز کھیل چکے ہیں۔



