سہ ملکی انڈر19 سیریز: گرین شرٹ کی افغانستان کو 133رنز سے شکست

Published On 02 January,2026 08:41 pm

ہرارے (دنیا نیوز) زمبابوے میں جاری سہ ملکی سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں پاکستان انڈر 19 نے افغانستان 133 رنز سے شکست دے دی۔

قومی انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 258 رنز بنائے، جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم کو 30.2 اوورز میں 105 رنز پر آؤٹ کردیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے سمیر منہاس نے نصف سنچری بنائی، اُنہوں نے 49 گیندوں پر 58 رنز بنائےجن میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، اِسی طرح علی حسن بلوچ نے 21 گیندوں پر تیز ترین 32 رنز، عثمان خان  45 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 25، فرحان یوسف 21 اور مومن قمر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرین شرٹ کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود رنز میں اضافہ کی تیز ترین شرح برقرار رہی ۔

افغانستان کی جانب سے سلام خان نے 48 رنز دے کر 2 وکٹیں، زیت اللہ شاہین نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ وحید اللہ زدران، نورستانی عمرزئی، خطیر ستانکزئی اور عزیر اللہ نیازئی نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

جواب میں افغانستان کی انڈر 19 ٹیم 30.2 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی، حریف ٹیم کی جانب سے عثمان سادات 9 ،خالد احمد زئی 15، فیصل شنوزادہ 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان محبوب خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، عزیز اللہ میاخیل نے ٹیم کو معمولی سہارا دیا تاہم 29 رنز بنا کر وہ بھی چلتے بنے، وہ مومن قمر کی گیند پر کیچ ہوئے۔

اِسی طرح خاطر ستانکزئی نے 18، نورستانی عمرزئی نے 12 رنز اور آخر میں زیت اللہ شاہین کو احمد حسین نے ایل بی ڈبلیو کرکے میچ ختم کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمر زیب نے سات اوورز میں 31 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو شکار کیا جب کہ احمد حسین عبدالسبحان اور مومن قمر نے دو، دو وکٹیں لے کر  ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

واضح رہے سہ ملکی سریز میں زمبابوے پہلے ہی تین میچوں میں سے چار پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ چکا ہے۔