کراچی: پولیس کے زیر سرپرستی منشیات کے 78 اڈوں کا انکشاف

کراچی: پولیس کے زیر سرپرستی منشیات کے 78 اڈوں کا انکشاف

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں منشیات کا زہریلا کاروبار پولیس کی کالی کمائی کا بڑا ذریعہ بن گیا۔ نئی نسل کی رگوں میں زہر اتارنے میں کوئی اور نہیں پولیس والے بھی ملوث ہیں۔ دنیا نیوز کے مطابق خفیہ ایجنسی کی ایک سنسنی خیز رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں پولیس کی سرپرستی میں منشیات کے 78 اڈے چل رہے ہیں۔ سب زیادہ ضلع سینٹرل میں منشیات کے 24 اڈے قائم ہیں۔ ویسٹ میں 20، ملیر میں 13، سٹی ساؤتھ میں 16 جبکہ کورنگی اور ایسٹ میں منشیات کے پانچ، پانچ اڈے پولیس کی سرپرستی میں چل رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بعض اڈوں پر تو پولیس افسران اور اہلکار بھی منشیات فروخت کر رہے ہیں۔ رضویہ کے علاقے میں معطل پولیس افسر صنوبر اور اے ایس آئی امین الدین منشیات بیچتے ہیں۔ ناظم آباد میں دو پولیس اہلکاروں شاہد اور عرفان کی سرپرستی میں منشیات بکتی ہے۔ شریف آباد میں اجمیر نگری تھانے کا اہلکار ظفر منشیات بیچتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ شہر میں دس سے زائد اڈے خواتین چلاتی ہیں جن کے نام پتے بھی رپورٹ میں شامل کئئے گئے ہیں۔