سہیل ٹیپو کی موت خود کشی کا نتیجہ، فرانزک رپورٹ

Last Updated On 02 April,2018 06:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر سہیل ٹیپو کی پرسرار موت کا واقعہ، تفتیشی ٹیم کو فرانزک لیب کی رپورٹ موصول ہو گئی، فرانزک رپورٹ کے مطابق سہیل ٹیپو کی موت خود کشی کا نتیجہ ہے۔

 

ڈی سی گوجرانوالہ سہیل ٹیپو 22 مارچ کو اپنی سرکاری رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے، ان کی پھندا لگی لاش پنکھے کے ساتھ لٹکی ہوئی ملی تھی۔ سہیل احمد ٹیپو کی موت خود کشی یا قتل؟ یہ حکومت کے لیے ایک معمہ بن گئی تھی۔

سہیل احمد ٹیپو کی موت بارے بہت ساری قیاس آرائیاں گردش کرتی رہیں۔ سہیل احمد ٹیپو کے قتل کا مقدمہ ان کے ماموں کی مدعیت میں تھانے سول لائن میں درج ہوا جس کے بعد پوسٹ مارٹم ہوا۔ ان کی موت کی وجہ تعین کرنے کے لیے ان کے جسم کے اعضاء کو فرانزک لیب کے لیے بھجوایا گیا۔ بارہ روز بعد تفتیشی ٹیم کو فرانزک لیب کی رپورٹ موصول ہو گئی جس میں سہیل احمد ٹیپو کی موت کو خود کشی کا نتیجہ کہا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فرانزک رپورٹ میں سہیل ٹیپو کی کلائیوں اور گردن پر لپٹی تار پر اسی کے فنگر پرنٹس پائے گئے، موت کی وجہ پھندا اور وقت ساڑھے چار بجے کے قریب تھا۔ ذرائع کے مطابق سہیل ٹیپو نے خود کشی سے قبل آخری فون کال اپنی بیوی کو کی۔

آر پی او ملتان محمد ادریس کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی پانچ رکنی ٹیم کی تفتیش مکمل ہو گئی ہے۔ تفتیشی ٹیم حتمی رپورٹ کل وزیر اعلیٰ کو پیش کریگی۔