ذرائع کے مطاق سہیل احمد ٹیپو کے دونوں ہاتھ پیچھے سے بندھے ہوئے تھے اور لاش لٹک رہی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے سہیل احمد ٹیپو نے گلے میں پھندا لے کر مبینہ طور خود کشی کی ہے لیکن کمرے میں موجود سامان کی ترتیب نے بہت سے سوال اٹھا دیئے ہیں۔
مرحوم ڈی سی کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا لاہور میں مقیم ہے جبکہ وہ خود اپنے بیمار ماں باپ کے ساتھ گوجرانوالہ ڈی سی ہاؤس میں قیام پذیر تھے۔ ڈی سی گوجرانوالہ کی اچانک پر اسرار موت کے بعد اسپیشل بچوں کا اسپورٹس گالا منسوخ کر دیا گیا۔ سہیل احمد ٹیپو نے اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا تھی اور ہدایت کی تھی کہ پروگرام کو یاد گار بنایا جائے تاہم انہوں نے مصروفیات کے باعث پروگرام میں ایک گھنٹے کی شرکت کا عندیہ دیا تھا۔
ادھر ڈپٹی مئیر گوجرانوالہ سلمان خالد بٹ کا کہنا ہے سہیل احمد اور میری آج حمزہ شہباز سے سالڈ ویسٹ کمپنی کے حوالے سے چار بجے لاہور میں میٹنگ طے تھی۔ سہیل احمد ٹیپو چار ماہ قبل گوجرانوالہ میں تعینات ہوئے، اس سے پہلے وہ دو سال ایڈیشنل سیکرٹری فنانس رہے، سہیل احمد کا آبائی علاقہ عارف والا ساہیوال ہے۔