سرگودھا کے نواحی علاقے کوٹ عمرانہ میں ایڈز پھیلنے کا انکشاف

Last Updated On 19 March,2018 11:49 am

باوثوق ذرائع کے مطابق کوٹ عمرانہ میں ایڈز پھیلنے کے انکشافات پر حکومت کی جانب سے وسیع پیمانے پر لوگوں کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ محکمہ صحت سرگودھا کی جانب سے مجموعی طور پر 2757 افراد کے نمونہ جات لیبارٹری کو بھجوائے گئے جن میں سے 1406 کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جن کے مطابق اب تک 204 افراد میں لیبارٹری نے ایچ آئی وی ایڈزاور 306 افراد میں ہیپاٹائٹس کی تصدیق کی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر نتائج موصول ہو رہے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے اعدادوشمار اور مریضوں کے کوائف خفیہ رکھے جا رہے ہیں تاہم جن مریضوں میں متذکرہ امراض کی تصدیق ہوئی ہے انتظامیہ نے ان کا علاج معالجہ شروع کر دیا ہے، اس سلسلہ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹمومن میں مستقل وارڈ قائم کرنے کے علاوہ سکریننگ کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں کی سکریننگ اور امراض کی تصدیق پر مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔