لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ضلع کچہری میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس سے قتل کیس میں زیر حراست ملزم قتل ہوگیا۔
لاہور کی ضلعی کچہری میں زیر حراست ملزم کو پیشی کے بعد بخشی تھانے لےجایا جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر دی۔ گولی زیر حراست ملزم کے سر میں لگی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، واضح رہے کہ قتل ہونے والے شخص پر ایم این اے سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے کے قتل کا الزام تھا۔
بعد ازاں سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی اور رجسٹرار نے ضلع کچہری میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا اور پولیس حکام سے عدالت کی ناقص سیکیورٹی پر فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ 2011 سے اب تک 10 افراد عدالتوں میں قتل ہوئے۔ رواں سال 21 جنوری کو سیشن عدالت میں زیر حراست ملزم اورکانسٹیبل کا قتل ہوا تھا۔ 20 فروری کو 2 وکلاء کو کمرہ عدالت کے باہر قتل کیا گیا۔