ٹانک (دنیا نیوز ) ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کرامت اللہ جاں بحق ہوگئے ، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کرامت اللہ گھر سے نکلے تھے کہ مین بازار کے قریب انہیں گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا ۔ اس واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق اسسٹنٹ کمشنر کرامت اللہ کی میت کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے جائے حادثہ سے گولیوں کے خول اکٹھے کر کے عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔