کراچی (دنیا نیوز ) کراچی میں سات سالہ کائنات سے زیادتی اور قتل کیس کے چوتھے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی کے علاقے بھٹائی آباد سے کائنات کی لاش ملی تھی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن عابد قائم خانی کے مطابق مقدمے میں نامزد چوتھے ملزم شاہد محمود کو سچل تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ تین ملزمان الطاف شاہ، عارف شاہ اور حیدر شاہ کو گزشتہ روز ہی دھر لیا گیا تھا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بچی پر تشدد کا اعتراف کرلیا۔ گرفتار تمام 4 افراد مقتولہ کائنات کے رشتے دار ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر کے مطابق گرفتار ملزمان کا میڈیکل کرانے کے لیے خون کے نمونے لیے جائیں گے۔ ملزمان کے خلاف سچل تھانے میں قتل اور زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔