بچوں کو لے کر بھیک مانگنے والوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کا اعلان

Last Updated On 29 August,2018 11:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ بھکاری مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، بھکاریوں کے بھیس میں بچوں کے اغوا، ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں ملوث گروہ چھپے ہیں۔ بچوں کے ساتھ بھیک مانگنے والے بھکاریوں کے ڈِی این اے ٹیسٹ بھی کرائیں گے۔

آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ پولیس جرائم پیشہ افراد کے تعاقب میں ہے۔ حالیہ ٹارگٹ کلنگ واقعات میں ملوث ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ گزشتہ 2 سالوں کی نسبت اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اسٹریٹَ کرائم، ڈکیتی اغواء سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث گروہ بھکاریوں کے بھیس میں کام کر رہے ہے۔ بھکاریوں کے خلاف سخت کریک ڈاون کیا جارہا ہے، بچوں کے ساتھ بھیک مانگنے والے افراد کے ڈِی این اے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے، صوبے میں 70 ہزار سے زائد اہکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 24 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کیے۔

آئی جی سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس ویلفئیر کے شعبے میں بہتری لائی گئی ہے، اہلکاروں کے بچوں کی شادی گرانٹ 10 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ 65 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلباء کو مکمل اسکالر شپ دیں گے۔