نیویارک: (دنیا نیوز) میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کا معاملہ، اقوام متحدہ کے تفتیشی کمیشن نے 20 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کردی۔
میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف اقوام متحدہ کے تفتیشی کمیشن نے رپورٹ جاری کردی، کمیشن نے میانمار کے کمانڈر انچیف سمیت 5 جرنیلوں پر عالمی عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کی بھی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق میانمار کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کر کے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے، سول حکومت بھی مظالم روکنے میں بری طرح ناکام رہی۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے بعد فیس بک نے میانمار کے اعلیٰ فوجی حکام کے اکاؤنٹس بند کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ بدھ مت مذہب سے تعلق رکھنے والوں نے میانمار میں سینکڑوں مسلمانوں کو قتل کردیا تھا جبکہ کئی افراد کو زندہ بھی جلایا گیا۔ جس کے باعث 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش میں پناہ لینی پڑی۔