چیچہ وطنی (دنیا نیوز ) چیچہ وطنی میں بدبخت نوجوان نے معمولی گھریلو ناچاقی پر چھرے سے بہن بھائی کو قتل جبکہ والد ،والدہ بھائی اور بہن کو زخمی کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق چیچہ وطنی کے محلہ احمد نگر کے رہائشی ملزم وسیم کو دو روز قبل باپ نے اپنے ایک دوست سے پیسے لینے کے لئے بھیجا۔
باپ کے کہنے کے باوجود ملزم پیسے لینے نہ گیا بلکہ آوارہ گردی کے لئے نکل گیا جس پر باپ بیٹے میں جھگڑا ہوا، باپ آوارہ گردی پر ملزم کو ڈانٹا جس کا اسے رنج تھا ، گزشتہ رات ملزم نے کھانے میں نشہ آور گولیاں ملا دیں، سب کے سوجانے پر ملزم نے چھرے سے ماں باپ ،دو بھائی اور دو بہنوں کے گلے پر وار کیے جس سے ایک بھائی اور بہن جاں بحق ہوگئے جبکہ والد والدہ دوسرے بھائی اور بہن شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو تحصیل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حالت تشویشناک ہونے پر ملزم کی والدہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ آوارہ گردی سے روکنے پر پہلے بھی باپ نے کئی بار ملزم کو وسیم کو ڈانٹا لیکن ملزم آّوارہ گردی سے باز نہیں آیا، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔