فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے حمید پارک میں گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی لگنے سے خاتون جبکہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی زخمی ہو گیا۔ زخمی ڈاکو کو قابو کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔
تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ محلہ حمید پارک کے رہائشی عمران کے گھر تین مسلح ڈاکووّں نے دھاوا بولتے ہوئے اہلخانہ کو یرغمال بنالیا۔ جبکہ اسی دوران شورمچانے اور مزاحمت کرنے پر ڈاکووّں کی فائرنگ سے گھر میں موجود 35 سالہ خاتون شمائلہ بی بی شدید زخمی ہو گئی اور ڈاکووّں کی فائرنگ سے انکا اپنی ایک ساتھی بھی زخمی ہو گیا۔ تاہم اسی دوران اہل علاقہ نے زخمی ڈاکو کو قابو کرکے اس پر خوب ہاتھ صاف کرنے کے بعد پولیس کے حوالہ کردیا۔ ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔