کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سے 2018 کے دوران پکڑی گئی 51 ٹن منشیات نذر آتش کر دی گئی۔ جس کی عالمی منڈی میں مالیت 4 سو 64 ملین ڈالر ہے۔ جی او سی 41 ڈویژن میجر جنرل عاصم ملک کہتے ہیں کہ نسلوں کے قاتلوں کی کمر توڑنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوان متحد ہیں۔
بلوچستان میں رواں سال اینٹی نارکوٹکس فورس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران پکڑی گئی منشیات نذر آتش کر دیں گئی۔ کوئٹہ میں تقریب کے مہمان خصوصی جی او سی 41 ڈویژن میجر جنرل عاصم ملک نے اپنے ہاتھوں سے بٹن دبا کر منشیات کو نذر آتش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے ہماری نسلوں کے قاتل ہیں ان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ساتھ کھڑے ہیں۔
نذر آتش کی گئی منشیات میں چرس، افیون، ہیروئن، مارفین، مارفین انجکشن، شراب کی بوتلیں اور بڑی مقدار میں کیمیکل شامل ہیں۔ رواں سال اے این ایف نے 65 کامیاب کارروائیوں کے دوران 51 ٹن سے زائد منشیات پکڑ کے 19 ملزمان کو بھی گرفتار کیا، جن کے خلاف مقدمات درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے۔
سیکیورٹی حکام کی جانب سے سرحدی علاقوں میں منشیات فروشوں کی نقل و حرکت کے خلاف منظم کارروائیاں کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔