کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر جج جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاوس بلوچستان میں حلف براداری کی تقریب ہوئی جس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے سینئر جج جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سے چیف جسٹس بلوچستان کے عہدے کا حلف لیا۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر پاکستان کی کسی بھی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر 5 اکتوبر 1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سید امتیاز حسین باقری کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے 1980 میں لاء کالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی، 1982 میں وہ پہلی خاتون سول جج بنی۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے جامعہ بلوچستان سے اردو ادب میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ 1987 میں سینئر سول جج، 1991 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جبکہ 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رہیں۔