کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سب سے اہم مسئلہ گورننس کا ہے، صوبے میں قابل اور بہتر افسران کو تعینات کر کے گورننس کا نظام بہتر کریں گے۔
جام کمال نے وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے کے بعد اسمبلی کے سپیکر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ کے کرم سے قائد ایوان منتخب ہوئے، جس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نے اپنے حلقے کے عوام، فیملی اور دوستوں کے علاوہ اپنی پارٹی اور ایوان میں حزب اختلاف سمیت تمام اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن بلوچستان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آج بلوچستان کے نمائندے ایک سوچ لے کر ایوان میں بیٹھے ہیں۔ اسمبلی میں بڑے اچھے طریقے سے سارے مراحل مکمل ہوئے، بلوچستان کے لوگوں نے ہمیں منتخب کر کے یہاں بھیجا ہے۔ صوبے کے لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور الیکشن کے دن بھی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ مسائل کے باوجود جمہوریت کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مزید کہا کہ بلوچستان کے ایشوز کو اجاگر کرنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔ بلوچستان اور وفاق کے تعلق کو پی ٹی آئی کی مدد سے بہتر بنائیں گے۔ بلوچستان کے لوگوں میں مزید برداشت کی ہمت نہیں رہی، محرومیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔