بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر میں بھائی کی پسند کی شادی کی سزا بہن کو دیدی گئی، پنچائیت نے 13 سالہ گلشن کو پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کے بھائی کے ساتھ ونی کر دیا۔
بستی ہمدیرا والی میں ونی کی جانیوالی لڑکی کے بھائی ظفرعلی اور ملزم اسلم کی بیٹی نادرہ نے گذشتہ ماہ پسند کی شادی کی، اس معاملے پر گاؤں میں پنچائیت بلائی گئی، پنچائیت نے گلشن کا نکاح نادرہ کے بھائی سے کرا دیا۔
متاثرہ لڑکی گلشن کے والد کا کہنا تھا کہ ملزمان مسلسل کئی روزگلشن کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے، گلشن موقع پاکر گھر واپس آگئی۔ متاثرہ لڑکی کے والد نے تحفظ فراہم کرنے کےلئے پولیس کو درخواست دیدی جس پر ڈی پی او عمارہ اطہر کے حکم پر تھانہ ڈونگہ بونگہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی جو متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں نکاح خواں سمیت 20 سے زائد ملزمان کے خلاف درج کی گئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ،دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔