ملتان: (دنیا نیوز) جان جائے لیکن مفت کا مال نہ جائے، ملتان کے بخشی خانے میں ملزمان کا جوس پینے سے 3 پولیس اہلکار اور 2 ملزمان بے ہوش ہو گئے، پولیس نے واقعہ کو چھپانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
ملتان کے بخشی خانے میں عدالت پیشی کے لیے لائے گئے 2 ملزمان کو قریبی رشتے داروں نے انہیں پینے کے لیے جوس دیا، جسے 3 پولیس اہلکاروں نے بھی پی لیا۔ ذرائع کے مطابق جوس میں نشہ آور چیز ملی ہوئی تھی جس کو پیتے ہی تینوں پولیس اہلکار اور دونوں ملزمان بے ہوش ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور بے ہوش ہونیوالے ملزمان اور پولیس اہلکاروں کو طبی امداد دی۔ جس کے بعد ملزمان کو نیم بے ہوشی کی حالت میں ہی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے واقعہ کو چھپانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور تاحال کوئی مؤقف نہیں دیا۔